Saturday, May 4, 2024

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینگے : آرمی چیف

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینگے : آرمی چیف
October 6, 2016
رسالپور (92نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان کسی بھی اندرونی و بیرونی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ دنیا کو کشمیر میں مظالم کا نوٹس لینا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق رسالپور میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عزت اور وقار کی بنیاد پر تمام ممالک سے خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں لیکن دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے۔ ہمسایہ ملکوں سے دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارت نے جارحانہ اقدامات کیے‘ دنیا کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار قابل تحسین ہے۔ کسی قیمت پر دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں دشمن کے نیٹ ورک ختم کر کے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دشمن کو جارحیت یا اسٹریٹجک غلط فہمی کا منہ توڑ جواب ملے گا۔ خطاب کے دوران آرمی چیف نے پاس ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔