Tuesday, August 9, 2022

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 117 ویں مڈشپ مین کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 117 ویں مڈشپ مین کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد
June 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 117 ویں مڈشپ مین اور 25 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے دستے میں 23 مڈ شپ مین شامل تھے جن میں 4 کا تعلق پاکستان, 14 بحرین ڈیفنس فورسز، 3 فلسطین اور 2 کا تعلق قطر سے تھا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 19 شارٹ سروس کمیشن کورس کے افسران بھی شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تربیت کی کامیاب تکمیل پر کمیشننگ ٹرم کو مبارکباد دی اور جدید جنگی ماحول کے تناظر میں نئے پاس آؤٹ ہونے والے افسران پر عائد ذمہ دایوں پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری دائرہ اقتدار مسلسل تبدیل ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجیکل ترقی اور طاقت کا ردوبدل ہے۔ ایسی صورتحال میں صرف وہی بحری افواج غالب اور موثر ثابت ہوں گی جو مسلسل بدلتی جغرافیائی حکمت عملی و حالات اور جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں۔

وزیراعظم نے دوست ممالک کے افسران کو اپنے اپنے ممالک کی افواج میں کمیشن حاصل کرنے پر بھی مبارکباد دی۔ مہمان خصوصی نے نوجوان افسران کو مستقبل کے لیڈرز کے طور پر اپنے طرز عمل، کردار، پیشہ ورانہ ذہانت اور دور اندیشی سے رہنمائی کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے نئے پاس آؤٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی خدمات اور قوم کے فخر کی شاندار روایت کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ لیفٹیننٹ سید اِرتضیٰ حیدر نقوی کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ بحرین سے تعلق رکھنے والے مڈشپ مین عدنان محمد ابراہیم جاسم بدر نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ نوفِل ملک کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل جبکہ شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ سمعیہ سجاد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ کوارٹر ڈیک اسکواڈرن پرافیشنسی بینر کا حقدار ٹھہرا۔

قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمد عزمی نے نیول اکیڈمی میں پاکستانی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تعلیم پر روشنی ڈالی۔ کمانڈنٹ نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ مضبوط کردار کے افسران بننے کے لیے وفاداری، غیرت اور ہمت کے نظریات کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔

کمیشننگ تقریب میں سینئر سول، عسکری حکام، کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔