Thursday, April 25, 2024

پہلا ٹیسٹ : شاہین اور کیویز کل کرائسٹ چرچ میں ٹکرائیں گے

پہلا ٹیسٹ : شاہین اور کیویز کل کرائسٹ چرچ میں ٹکرائیں گے
November 16, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ شیڈول کے مطابق 17 نومبر کو ہو گا۔ قومی شاہینوں نے زلزلہ زدہ سرزمین پر بڑی دلیری کے ساتھ فاتحانہ پنجے گاڑنے کی تیاریاں کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز سترہ نومبر سے ہو گا۔ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے شروع ہو گا۔ قومی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں آنے والے خوفناک زلزلے کو بھلا کر پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کرکٹرز نے کرائسٹ چرچ میں شیڈول کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ کے شعبے میں پریکٹس کی۔ ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹیسٹ سیریز کی فاتح مصباح الیون نے کیویز پر دھاک بٹھانے کی ٹھان لی۔ کھلاڑیوں اور کوچز نے جیت پر نظریں جماتے ہوئے کہا کہ مارٹن گپٹل اور سیٹنر سمیت اہم کھلاڑیوں سے محروم میزبان کیویز کو دبوچیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کرینگے جبکہ میزبان ٹیم کی قیادت کین ولیم سن کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 نومبر تک سیڈن پارک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔