Friday, May 17, 2024

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی
June 9, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی۔ پاکستان نے تین سو چھ رنزکا ہدف پانچ وکٹوں پر حاصل کیا۔

پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں فاتحانہ آغاز رہا۔ خوشدل شاہ کی دھواں دھار بیٹنگ نے پاکستان کو کامیابی دلا دی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیربین ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گر گئی۔ فخر زمان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ 103 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کی میچ میں پوزیشن مستحکم بنا دی۔ امام الحق نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 108 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی ۔  بابر اعظم 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ بابر اعظم نے ون ڈے کیرئیر کی 17 ویں سنچری اسکور کی۔ محمد رضوان نے نصف سنچری بناتے ہوئے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر قومی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی ۔ خوشدل شاہ نے 23 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت دلائی۔ پاکستان نے 306 رنز کا ہدف چار گیندیں قبل حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے  پہلے  بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔ شائی ہوپ 127 اور بروکس 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے چار اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ خوشدل شاہ مین آف دی میچ قرار پائے۔