Friday, March 29, 2024

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کردیا

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کردیا
June 13, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) – ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا داغ لئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم وطن واپس چلی گئی، پاکستان نے آخری ایک روزہ میچ 53 رنز سے جیتا۔

شاہینوں نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے شاداب خان کی آل راؤنڈر پرفارمنس کی وجہ سے کیربیئن ٹیم کو 53رنز سے شکست دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،موسم کی خرابی کے باعث میچ کو 48 اوورز تک محدود کر دیا گیا، پاکستانی اوپنرز نے 85 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان 35 اور امام الحق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے پر پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، کپتان بابراعظم ایک رن بنا کر پویلین لوٹے، محمد حارث صفر، محمد رضوان 11 رنز ہی بنا سکے۔

117 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے پر شاداب خان اور خوشدل شاہ نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ شاداب خان نے 86 رنز کی شانداراننگز کھیلی، خوشدل شاہ نے 34 رنز بنائے، پاکستانی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکولس پورن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ رہا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی رہیں۔

عقیل حسین 60 اور کیاسی کارٹی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

شاداب خان میچ اور امام الحق سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔