Thursday, April 25, 2024

پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
April 10, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

نیڈ پرائس نے امریکا کی طرف سے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سیاسی جماعتیں گڈ گورننس اور جمہوری اقدار پر قائم رہیں گی۔ امریکا توقع کرتا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں آئین کی پاسداری کریں۔ امریکا پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔

بین الا قومی میڈیا میں عمران خان کی معزولی کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیا گیا۔ سی این این  نےعمران خان کی معزولی کو معاشی بدانتظامی قرار دیا اور کہا سابق کرکٹ اسٹار عمران خان کی ہنگامہ خیز مدت کا خاتمہ ہو گیا۔

بی بی سی نے بھی بریکنگ نیوز دی کہ عمران خان کوویڈ سے متاثرہ معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہے۔ عمران خان کرپشن کے خاتمے کا عزم لے کر آئے تھے۔ عمران خان کہتے رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے امریکا کا ہاتھ  ہے۔

برطانوی اخبار گارڈین نے لیڈ سٹوری دی کہ پاکستان میں سیاسی ہلچل دنیا کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟عدم اعتماد کے ووٹ میں عمران خان کی برطرفی بھارت، افغانستان اور چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو متاثر کر سکتی ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ’’عمران خان آؤٹ‘‘ کی  سرخی لگائی ۔ الجزیرہ نے معاشی بحران کو عمران کی معزولی کی وجہ قرار دیا ۔ چین کے نیوز چینل سی جی ٹی این نے کہا کہ عمران تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں معزول ہوئے ، ان پر معاشی  بد انتظامی  کے الزامات تھے۔

ترکی کے ٹی آرٹی چینل نے کہا کہ اپوزیشن  نے الزامات لگائے  کہ  عمران  خان کورونا   سے  متاثرہ   معشیت کی  بحالی  میں ناکام رہے ۔