Tuesday, May 7, 2024

پاکستان کو جوہری طاقت بنے 24 سال مکمل، یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان کو جوہری طاقت بنے 24 سال مکمل، یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
May 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان کو جوہری طاقت بنے 24 سال مکمل ہو گئے۔ یوم تکبیر آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

28مئی 1998 وہ دن جب بلوچستان کے چاغی کے پہاڑ ریزہ ریزہ ہو گئے اور پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا۔

24سال پہلے آج ہی کے دن اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے امریکی دباؤ مسترد کرتے ہوئے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر ڈالے۔

قوم ہر سال کی طرح آج یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ اور اس عزم کا اظہار کیا جارہا ہے کہ دشمن کو کبھی پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی سنائی دیتی ہے۔ آج کا دن پاکستان کا اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔

پاک فوج نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن خطے میں جوہری توازن بحال ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے بےلوث ہو کر کام کیا۔ تمام مشکلات کےخلاف ثابت قدم رہے اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جوہری تحفظ کے بین الاقوامی اصولوں پر عمل پیرا ہے اور کسی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی روکنے کیلئے اپنی صلاحیت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔