مردان (92 نیوز) - چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے، پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہیں وہ آج کی سوچتے ہیں نہ کل کی۔
جمعہ کے روز مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچی جارہی ہیں، ہم تقسیم، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنے دور میں جمہوریت بحال کی، ہم دائیں بائیں نہیں دیکھتے، ہم پاکستان کے عوام کی طرف دیکھتے ہیں، ہم نے ملک کو نئے انداز میں آگے بڑھانا ہے، صرف عوام فیصلہ کریں گے کہ ملک کے حکمران کون ہوں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، عوامی راج قائم کرنے کیلئے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کامیاب کرنا ہوگا۔ اگر پھر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتا ہے تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج کو بھگتا ہے۔ سب کو نظر آرہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔