Sunday, September 8, 2024

پاکستان کی کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح کو تیس سال بیت گئے

پاکستان کی کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح کو تیس سال بیت گئے
March 25, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان کی کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح کو تیس سال بیت گئے۔ پاکستان نے میلبورن میں عمران خان کی قیادت میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

25مارچ  پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ کا یاد گار دن ہے۔ اس روز 1992 میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا۔ قومی ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں 1992 کا ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ قومی ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں انگلینڈ کو 22 رنز سے پچھاڑ کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ورلڈ کپ جیتنے کا سفر اتنا آسان نہ تھا۔ ایونٹ کے آغاز پر ہی دو اہم کھلاڑی سعید انور اور فاسٹ باؤلر وقار یونس فٹنس مسائل کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں نے ٹیم کا جذبہ بڑھایا اور پھر کیا تھا ؟کوئی بھی ٹیم شاہینوں کا مقابلہ نہ کر سکی۔

سیمی فائنل میں انضمام الحق نے کیویز کیخلاف 37 گیندوں پر 60 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جسے آج بھی لوگ نہیں بھولے۔

فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ  مضبوط حریف انگلینڈ سے تھا لیکن قومی ٹیم نے شاندار پر فارمنس کا مظاہرہ کیا اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی لگاتار دو وکٹوں نے انگلش ٹیم کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

عمران خان کی قیادت میں پاکستان  نے چیمپئن بن کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا۔ 30 سال  بعد بھی یہ ناقابل فراموش لمحہ قوم کو اب تک یاد ہے۔