Saturday, May 18, 2024

پاکستان کا ون چائنہ پالیسی، تائیوان اور ساؤتھ چین پر بیجنگ قیادت کی حمایت کا اعلان

پاکستان کا ون چائنہ پالیسی، تائیوان اور ساؤتھ چین پر بیجنگ قیادت کی حمایت کا اعلان
February 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے ون چائنہ پالیسی ، تائیوان اور ساؤتھ چین پر بیجنگ قیادت کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ اپنے دورے کے آخری روز وزیراعظم عمران خان اور چینی صدرشی جن پنگ میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے چینی صدر کو سرمائی اولمپکس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی صدرشی جن پنگ کی ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیہ میں پاکستان کی جانب سے ون چائنا پالیسی، تائیوان، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت پر چین کی حمایت کے عزم کا اظہارکیا گیا۔ پاک چین اسٹریٹجک اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں چینی نجی شعبوں اور کاروباری افراد کا پاکستان کی صنعتی ترقی میں کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق کوویڈ 19 کے حفاظتی تدابیر کے ساتھ چین پاکستانی طلبا کو چین واپس آنے اور کلاسز دوبارہ شروع کرنے کا انتظام کرے گا۔

مشترکہ اعلامیہ میں سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کو تجارت، انفراسٹرکچر، صنعتی ترقی کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ طور پر گوادر پورٹ کی تعمیر اور آپریشن کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ گوادر شہر اور اس کے رہائشیوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے اعلیٰ معیار کے روزگار کے منصوبے بنانے پر اتفاق ہوا۔ سی پیک کے 3 جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

سی پیک کو تمام خطرات اور منفی پروپیگنڈے سے بچانے کے لیے  مضبوط عزم کا اظہار کیا گیا۔ چینی قیادت نے سی پیک کی سکیورٹی اقدامات پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

اعلامیہ کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ ایک پرامن، مستحکم، متحد اور محفوظ افغانستان خطے میں خوشحالی اور ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔