Saturday, April 20, 2024

پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات کریں : مارک ٹونر

پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات کریں : مارک ٹونر
September 27, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کہتے ہیں پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے براہ راست مذاکرات کریں۔ پاکستان روس اورامریکہ بھارت فوجی مشقیں کسی گریٹ گیم کاحصہ نہیں۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اور موثر کارروائیاں کر رہا ہے۔ پاکستان کو تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنی چاہیے۔ بھارت کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے براہ راست مذاکرات کریں۔ امریکہ ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کی بیان بازی سے آگاہ ہیں۔ تعلقات میں نرمی اورعملی تعاون دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان کو تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنی چاہیے۔ ہمسایہ ممالک میں کارروائیاں کرنے والے گروہوں کےخلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے۔ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ امریکہ کی توجہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی صلاحیتیں بڑھانے پر ہے تاکہ پاکستان دہشت گردی کے خطرے سے بہتر طور پرنمٹنے کے قابل ہو سکے۔ ایک سوال کے جواب میں مارک ٹونر نے کہا کہ پاک روس اور امریکہ بھارت فوجی مشقیں جوابی کارروائی یا کسی گریٹ گیم کا حصہ نہیں۔ امریکہ بھارت کےساتھ سکیورٹی تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے۔ بھارت کےساتھ گہرے، دوطرفہ اور کثیرجہتی تعلقات ہیں۔