Saturday, April 20, 2024

پاکستان آئی ایم ایف کے مطالبے پر نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس قائم کرے گا

پاکستان آئی ایم ایف کے مطالبے پر نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس قائم کرے گا
July 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان آئی ایم ایف کی سب سے مشکل شرط ماننے پر رضامند ہوگیا، آئی ایم ایف کے مطالبے پر نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔

نہ نہ کرتے بھی پاکستان نے آئی ایم ایف کی سب سے مشکل شرط مان لی، اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔

ٹاسک فورس مالیاتی اداروں میں اینٹی کرپشن یونٹ بنائے گی، ہر یونٹ میں مانیٹرنگ، انویسٹی گیشن اور پراسکیوشن سیل بنیں گے جس میں پاکستانی سٹاف کی تعیناتی وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان طے کی جائے گی۔

ٹاسک فورس میں اقوام متحدہ کے حکام کے تعاون سے اینٹی کرپشن ایکشن پلان طے کیا جائے گا جس کے تحت ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، اثاثوں کی ملکیت، مشکوک اثاثوں، ترسیلات کی نگرانی اور اثاثوں کی اصل مارکیٹ قیمت کے تعین کا طریقہ کار طے ہوگا۔

پلان کے تحت مالیاتی اداروں کے عملے کی ٹیکس چوری اور سرکاری ٹھیکوں میں بدعنوانیوں میں تعاون کی نشاندہی کی جائے گی، ٹیکس چوری اور بدعنوانی سے بنائے گئے اثاثوں کے اصل مالکان کا تعین ہوگا، ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے اینٹی کرپشن کے معیار کواپنا جائے گا۔