Monday, May 6, 2024

سبز آنکھوں والی افغان ’مونا لیزا‘ وطن واپس چلی گئی

سبز آنکھوں والی افغان ’مونا لیزا‘ وطن واپس چلی گئی
November 9, 2016
پشاور (92نیوز) جعلی پاکستان شناختی کارڈ بنانے پر گرفتار افغان مونا لیزا شربت گلہ کو رہا کر دیا گیا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج شربت گلہ کو 15 روزہ سزا مکمل ہونے پر رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد شربت گلہ افغانستان روانہ ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سبز آنکھوں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی افغان خاتون شربت گلہ کو رہا کر دیا گیا۔ شربت گلہ ہیپاٹائٹس سی کی مریضہ ہے اور وہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج تھی۔ شربت گلہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال سے خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل حکام کے حوالے کیا گیا جو اسے لے کر پاک افغان سرحد طورخم روانہ ہو گئے۔ شربت گلہ کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں 26 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جرم کے اعتراف پر عدالت نے اسے ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ اور 15 روزہ قید کی سزا سنائی تھی جبکہ سزا مکمل ہونے پر افغانستان ڈی پورٹ کرنے احکامات جاری کئے۔ شربت بی بی کی 15 روزہ سزا آج مکمل ہو گئی جس کے بعد شربت بی بی کی خواہش پر اسے افغانستان روانہ کر دیا گیا۔ اس سے قبل افغان مونا لیزا نے پاکستان میں رہنے کی درخواست دی تھی تاہم بعد میں اس نے اپنا فیصلہ بدلا اور افغانستان جانے کے لیے درخواست دی۔ شربت بی بی کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کی پاداش میں عدالت نے پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کی سزا سنائی تو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شربت بی بی کو انسانی ہمدردی کی بنا پر پاکستان سے ڈی پورٹ نہ کرنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو احکامات جاری کیے تھے تاہم بعد میں شربت بی بی کی درخواست پر اسے افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔