Thursday, April 18, 2024

پاکستان اور چین کی دوستی کے 71 سال مکمل ہونے پر تقریب

پاکستان اور چین کی دوستی کے 71 سال مکمل ہونے پر تقریب
May 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان اور چین کی دوستی کے 71 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مریم اورنگزیب نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا۔ پاک چین دوستی کے 71 سال مکمل ہونے پر چینی سفارت خانے میں کیک کاٹا گیا۔    

تقریب سے خطاب میں مریم اورنگزیب بولیں پاک، چین دوستی کو 71 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ پاک چین لازوال دوستی پوری دنیا میں ایک مثال ہے۔ پاکستان اور چین اسٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ سی پیک سے پاکستان کی قسمت بدل جائے گی۔ پاک، چین دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ دونوں ممالک کا کلچر بھی ایک جیسا ہے۔ کراچی حملے سے تعلقات خراب کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چین پاکستان سفارتی تعلقات قائم ہونے کی اکہترویں سالگرہ پر صدر شی جن پنگ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارک دی۔ ‎ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ آج وہ مبارک دن ہے جب دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا بیج بویا تھا جو 70 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔ وقت کی کوئی آندھی، عالمی حالات کا کوئی طوفان اور حسد کی کوئی آگ اس فولادی بندھن پر اثرانداز نہیں ہو سکی۔ آج ہم اپنے ان پیاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جان پاک چین دوستی کی وجہ سے لی گئی۔ جامعہ کراچی کے باہر ہمارے چینی بھائیوں اور بہن کو نشانہ بنایا گیا۔ ہم ان سمیت پاک چین دوستی پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کے اہل خانہ سے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں۔ پختہ عہد ہے کہ ان جرائم میں ملوث دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔