Thursday, March 28, 2024

شارجہ ٹیسٹ : دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی

شارجہ ٹیسٹ : دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی
November 1, 2016
شارجہ (92نیوز)جیسن ہولڈر نے شاہینوں کے پر کاٹ دیئے مہمان کپتان نے پہلی تین وکٹیں اڑا کر  میچ پر گرین شرٹس کی گرفت کمزور کر دی تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے  ستاسی رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز پر اکتیس رنز کی برتری حاصل ہے۔ تفصیلات کےمطابق شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز  ویسٹ انڈیز نے دو سو چوالیس رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا اور اگلی چار وکٹوں پر  اپنے مجموعی اسکور میں ترانوے رنز کا اضافہ کیا۔ پہلی اننگز کے اختتام پر مہمان ٹیم کو گرین شرٹس پر چھپن رنز کی برتری حاصل تھی جو اس نے اوپنر کریگ براتھویٹ کے شاندار ایک سو بیالیس رنز کی بدولت قائم کی۔ پچانوے رنز کے ساتھ میدان میں آنے والے بریتھوایٹ نے تیسرے روز مزید سینتالیس رنز بنا ڈالے۔ پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو  پہلی چار وکٹیں اڑتالیس رنز پر گر چکی تھیں۔ اوپنر سمیع اسلم نے سترہ رنز بنائےجبکہ  اسد شفیق اور یونس خان کھاتا ہی نہ کھول سکے کپتان مصباح الحق بھی صرف چار رنز بنا کر چلتے بنے۔ کریز پر اس وقت اظہر علی پینتالیس اور سرفراز احمد انیس رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر نے تین اور چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔