Thursday, April 18, 2024

پاک سری لنکا تعلقات میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کلیدی جزو ہے، وزیراعظم عمران خان

پاک سری لنکا تعلقات میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کلیدی جزو ہے، وزیراعظم عمران خان
February 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک سری لنکا تعلقات میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کلیدی جزو ہے، انہوں نے کہا کہ وہ سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

سری لنکن کمانڈر نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری طرف سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی مُلاقات کی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان سری لنکا کے ساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاحت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے مفادات کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔سری لنکن کمانڈر نے سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف حکومت کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھی سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سری لنکن نیول کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔