Sunday, September 8, 2024

پاک فضائیہ اب جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری، جے 10 سی طیارے استعمال کریگی

پاک فضائیہ اب جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری، جے 10 سی طیارے استعمال کریگی
August 20, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملکی فضائی دفاع تیزی سے مزید مضبوطی، جدت اور استحکام کی جانب گامزن ہے، پاک فضائیہ اب جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری، جے 10 سی طیارے استعمال کریگی۔ فضائیہ میں شامل میراج اور ایف سیون طیارے دو ہزار تیس تک بتدریج ختم کر دیئے جائیں گے۔

پاکستان کا فضائی دفاع مضبوط سے مضبوط تر ہونے لگا، ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ 2030ء تک 334 فرانسیسی ساختہ میراج اور چینی ساختہ ایف سیون طیارے ختم کر دے گی۔ میراج، ایف سیون طیاروں کی جگہ جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری، جے 10 سی شامل ہونگے۔

پاک فضائیہ میں کُل 274 میں سے 135 اپ گریڈڈ میراج تھری، 139 میراج فائیو طیارے موجود ہیں۔ میراج تھری اور فائیو طیاروں کی جگہ جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری، جے 10 سی طیارے شامل ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ میں 60 کے قریب اپ گریڈڈ ایف سیون پی جی اور ایف ٹی سیون پی جی طیارے موجود ہیں۔ چینی ساختہ ایف سیون طیاروں کو بھی جے ایف 17 تھنڈر سی بلاک تھری طیاروں سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔

پاک فضائیہ میں تاحال معراج طیاروں کے 7، ایف سیون پی جی کے 4 اسکواڈرن شامل ہیں۔ میراج طیارے جنوبی ایئر کمانڈ کے نمبر 7 بینڈٹس، نمبر 8 حیدر لڑاکا سکواڈرز، مرکزی ایئر کمانڈ میں نمبر 25 ایگلز، نمبر 27 ضرار، نمبر 50 صف شکن کا اہم جزو جبکہ کامبیٹ کمانڈرز سکول میں سکائی بولٹ سکواڈرن کی صورت شامل ہیں۔ پاک فضائیہ میں ایف سیون پی طیارے زیادہ تر تربیتی مقاصد کے لیے استعمال ہوئے، اب تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔