Friday, May 3, 2024

پاک فوج سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف

پاک فوج سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف
August 27, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - پاک فوج مشکل کی گھڑی میں ایک بار پھر قوم کی خدمت کو آگئی، پاک فوج کے جوان سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ملک کے مختلف علاقوں میں 117 ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف علاقوں میں 25 فیلڈ میڈیکل کیمپس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس مین اب تک 25 ہزار مریضوں کا علاج بھی کیا جا چکا ہے۔ آرمی ائیر کمانڈ کے زیر نگرانی فلڈ ریلیف کوارڈینیشن سینٹر کا قیام میں عمل لایا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان اکٹھا کرنے کیلئے ملک بھر میں کولیکشن پوائنٹس قائم کیے جاچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس وقت پاک فوج کے ساڑھے سات ہزار سے زائد جوان متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ فوج کی پچاس کشتیاں بھی آپریشن میں استعمال کی جارہی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاک فوج کی جانب سے راشن کے پانچ ہزار چار سو ستاسی پیکٹس اور بارہ سو ٹینٹس تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آرمی نے فلڈ ریلیف ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ آرمی چیف بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کریں گے۔