Tuesday, April 23, 2024

فوج کو آئینی کردار تک محدود کردیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

فوج کو آئینی کردار تک محدود کردیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
November 28, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج پراپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیرسیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی۔

خلیجی اخبار گلف نیوز کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں مداخلت سے فوج کی عوامی حمایت میں کمی اور تعلق کمزور ہوتا ہے، غیر سیاسی ہونے کے فیصلے سے فوج کے وقار میں اضافہ ہوگا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج کے خلاف بڑے پیمانے پر پروپیگنڈا اور محتاط طریقے سے تیار کردہ جھوٹے بیانیہ کے ذریعے تنقید کی گئی، اس کے باوجود ادارہ غیر سیاسی رہنے کے عزم پرثابت قدم رہے گا۔ مجھے یقین ہے مسلح افواج کا یہ سیاسی قرنطینہ پاکستان کے لیے سیاسی استحکام کو فروغ دے گا اور فوج سے عوام کے تعلقات کو مضبوط کرے گا۔

فوجی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے اور مشرق وسطی ٰ اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہے۔

آپریشن رد الفساد سے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ افغانستان کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کی آزادی پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی اولین ترجیح ہے اور اس سمت میں اٹھایا گیا ہر قدم میرے دل کے بہت قریب ہوتا ہے۔

کوئی بھی قوم صرف اپنی دفاعی قوتوں کی وجہ سے محفوظ نہیں ہوتی۔ ہم اپنے لوگوں، بالخصوص پاکستان کی 60 فیصد آبادی پر مشتمل بڑے متحرک اور محنتی نوجوانوں کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے۔