Friday, March 29, 2024

پاک فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے بچانے کیلئے بہت قربانیاں دیں، آرمی چیف

پاک فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے بچانے کیلئے بہت قربانیاں دیں، آرمی چیف
October 8, 2022 ویب ڈیسک

کاکول (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے پاک فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے بچانے کیلئے بہت قربانیاں دیں۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب میں اعلی سول و فوجی حکام سمیت غیرملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں لیڈی کیڈٹس سمیت انٹرنیشنل کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میرے لئے اعزاز ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا آپ کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ آپ کو فخر ہونا چاہئے کہ ایک عظیم اور بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ 42 سال قبل میں نے اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی۔ تب میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس عظیم فوج کی کمانڈ کروں گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے بہت قربانیاں دیں۔ آگے کا سفر آپ کیلئے بہت چیلنجز لے کر آئے گا۔ ہمیں ایک دوسرے کی بجائے جہالت، غربت اور موسمیاتی تبدیلی سے لڑنا ہے۔ آپ کو مستقبل میں بڑے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔ آپ پر جمہوری اداروں کا احترام کرنا لازم ہے۔ آپ کو ملکی سلامتی کیلئے قربانیاں دینا ہوں گی۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ کبھی کسی فیک نیوز اور اس کے پراپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔