راولپنڈی (92 نیوز) - پاک فوج نے عمران خان کے الزامات مسترد کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج بالخصوص ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات قطعی طور پر ناقابل قبول اور غیر ضروری ہیں۔ پاکستان کی فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کا حامل ادارہ ہے۔ جس کا ایک مضبوط اور انتہائی موثر اندرونی احتسابی نظام موجود ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مفاد پرست عناصر کی جانب سے پاک فوج پر بے بنیاد الزامات سے فوج کے رینک اینڈ فائل کی عزت، تقدس اور وقار کو داغدار کیا جا رہا ہے جس کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔ ادارے کے افسران یا اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج نے وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور بغیر کسی ثبوت کے ادارے اور اس کے ذمہ داران کے خلاف ہتک آمیز اور جھوٹے الزامات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرے۔