Friday, April 19, 2024

پاک فوج نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے پر سوشل میڈیا مہم کو مسترد کردیا

پاک فوج نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے پر سوشل میڈیا مہم کو مسترد کردیا
August 6, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہیلی کاپٹر حادثہ سے متعلق افواہوں اورپراپیگنڈا کو مسترد کردیا۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے تمام تفصیلات حاصل کرلیں وہ ایک حادثہ تھا، لوگوں کے غلط قسم کے اور غیرذمہ دارانہ بیانات دیناافسوسناک تھا۔

سوشل میڈیا پر پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ سے متعلق پراپیگنڈا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار نے سوشل میڈیا پر بیانات کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا،،کہتے ہیں جس کا جو دل چاہتا ہے سوشل میڈیا پر لکھ دیتا ہے، اس حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہے۔

میجر جنرل بابرافتخار کا مزید کہنا ہے پاک فوج تاحیات اپنے ملک و قوم کی حفاظت کرتی رہے گی، جو کام سوشل میڈیا پر شروع ہوگیا یہ نہیں ہونا چاہئے،سب کو مل کر اس طرح کے رویوں کو رد کرنا چاہئے، شہداء کے لواحقین اور پاک فوج کو بہت تکلیف پہنچی۔

ملکی سرزمین کے استعمال سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا پاکستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہو، دفتر خارجہ بھی اس پر وضاحت جاری کرچکا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے لسبیلہ کے قریب خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، حادثے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر غلط قسم کا پراپیگنڈہ کیا گیا، ہمیں اس قسم کی چیزوں کو اپنے معاشرے میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔