Friday, April 26, 2024

پاک فوج نے 24 گھنٹوں میں 13.7 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا، این ایف آر سی سی

پاک فوج نے 24 گھنٹوں میں 13.7 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا، این ایف آر سی سی
September 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کاوشیں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13.7 ٹن امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا گیا۔ اب تک 84 لاکھ 30 ہزار سے زائد ادویہ تقسیم کی جا چکیں۔ پاک بحریہ کی 11 خیمہ بستیوں میں 17 ہزار 843 افراد رہائش پذیر ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور بحالی کا کام جاری ہے، نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے اب تک 4 ہزار 648 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 پروازوں کے ذریعے 13.7 ٹن امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا گیا۔ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ 11 خیمہ بستیوں میں 17 ہزار 843 افراد رہائش پذیر ہیں۔ پاک بحریہ کے زیر انتظام قائم 70 میڈیکل کیمپس میں 63 ہزار 277 مریضوں کا علاج کیا گیا۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ اب تک 9 ہزار 172 ٹن خوراک، 1541 ٹن دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ ملک بھر میں طبی امدادی کیمپس سیلاب متاثرین کو علاج فراہم کر رہے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 18 ہزار 266 مریضوں کا علاج ہوا اور مفت دوا دی گئی۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کل 12 ہزار 735 کلومیٹر سڑکیں، 375 پل تباہ ہوئے۔

نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔