Sunday, September 8, 2024

پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، آرمی چیف

پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، آرمی چیف
January 21, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال، قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ جبکہ پاک، افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سپہ سالار نے کہا کہ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان میں مکمل امن واپس آ کر رہے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا قبائلی اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابل قدر ہے۔ سماجی و اقتصادی منصوبے علاقے کے پائیدار استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج، ایف سی، لیویز، خاصہ دار، پولیس، بہادر قبائلیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں آرمی چیف کی کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔