Saturday, May 18, 2024

پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 70 افراد کو بچایا گیا

پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 70 افراد کو بچایا گیا
September 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 70 افراد کو بچایا گیا۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 پروازیں کے ذریعے 70 افراد کو بچایا ۔ ہیلی کاپٹرز سے 29.9 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 424 سیلاب میں محصور افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ ملک بھر میں 147 ریلیف کیمپس، 284 امدادی اشیاء کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ اب تک 6 ہزار 856 ٹن اشیائے خورونوش، غذائی اشیاء اکٹھی کی جبکہ 6 ہزار 452 ٹن خوراک تقسیم کی گئی۔ اب تک 43 لاکھ 30 ہزار 611 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 250 سے زائد میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 06 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں جبکہ دو خیمہ بستیاں بھی قائم کیں جن میں 7 ہزار 139 افراد رہائش پذیر ہیں۔ پاک بحریہ کے زیر انتظام قائم 56 میڈیکل کیمپس میں 38 ہزار 496 مریضوں کا علاج کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیاروں، ہیلی کاپٹرز نے 236 پروازوں کے ذریعے 1521 افراد کو بچایا۔ اب تک پاک فضائیہ نے 4 ہزار 800 خیمے، 2 لاکھ 16 ہزار 4 فوڈ پیکٹ تقسیم کیے۔ پاک فضائیہ نے 19 خیمہ بستیاں قائم کرکے 18 ہزار 441 افراد کو رہائش فراہم کیا۔ ملک بھر میں قائم فضائیہ طبی کیمپس میں 46 ہزار 980 مریضوں کا علاج کیا گیا۔