Friday, March 29, 2024

پاک فوج کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف آپریشنز جاری

پاک فوج کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف آپریشنز جاری
August 23, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - پاک فوج کے دستے سندھ، بلوچستان، کے پی اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔ 

سندھ

حیدرآباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو، نوشہرو فیروز اور سندھ کے مختلف اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی سے فوج کے 2 خصوصی ہیلی کاپٹر اندرون سندھ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے روانہ کیے گئے۔

متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

پنجاب

پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ڈی جی خان ضلع کے دور دراز اور ناقابل رسائی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان کی تقسیم میں سول انتظامیہ کی مدد کی ہے۔

پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے ڈی جی خان کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے 4 پروازیں کی ہیں جن میں مبارکی، فضلہ کیچ، بستی بزدار شامل ہیں۔ خیمے اور راشن سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا۔

بلوچستان

فوج اور ایف سی بلوچستان کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ژوب، لورالائی اور نوشکی میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ نصیر آباد، دکی اور لسبیلہ کے علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں فوج اور ایف سی کے میڈیکل کیمپ بھی قائم ہیں۔

کے پی

ایف سی کے پی کے دستے چترال اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔