Saturday, April 20, 2024

پاک فوج اور ایف سی کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

پاک فوج اور ایف سی کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری
July 28, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - پاک فوج اور ایف سی کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر کراچی سے اوتھل اور لسبیلہ کے لیے روانہ، سیلاب میں گھرے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ، گوادر نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اوتھل کا دورہ کیا۔ ٹیمیں مقامی رہائشیوں کو خوراک، پانی اور مفت طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ کوسٹل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔ تربت میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار حفاظتی بند کی مرمت کر دی گئی۔ پنجاب اور سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک بحریہ کے جوان بھی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔