Friday, April 26, 2024

پاک چین دوستی ناقابل تسخیر، خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی، وزیراعظم

پاک چین دوستی ناقابل تسخیر، خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی، وزیراعظم
November 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاک چین دوستی ناقابل تسخیر، خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔

ہفتہ کو چینی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین کا بیانیہ ترقی اور امن کا ہے، جو چین کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے ان کی پالیسی غلط ہے۔ عسکری لحاظ سے چین بہت مضبوط اور محتاط ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ قوموں اور معاشروں کے درمیان ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے چین کے مجوزہ عالمی ترقیاتی اقدام اور عالمی سلامتی کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پی سی کی 20 ویں قومی کانگریس نے پوری دنیا میں ایک انتہائی طاقتور پیغام دیا کہ چین استحکام اور پُرامن بقائے باہمی کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران چین تبدیل ہوا ہے اور دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن گیا ہے جو ایک معجزہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ چین چھلانگ لگا کر مزید ترقی کرے گا اور چین پاکستان دوستانہ تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔

شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان کے پاور، توانائی، انفراسٹرکچر اور پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تبدیلی کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں مشترکہ ترقی کے فروغ امن اور ہم آہنگی کیلئے چین کے ساتھ ملکر کام کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم چین کے عالمی ترقی اور سکیورٹی کے مجوزہ منصوبے کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اقوام اور معاشروں کے درمیان ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا ایک شاندار ویژن ہے۔

شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعریف کی جو پاکستان کی توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور سرکاری ٹرانسپورٹ کے شعبے کی تقدیر بدل دے گا۔