Friday, March 29, 2024

پاک بحریہ کی کارروائی، کشتی سے دوران تلاشی بھاری مقدار میں منشیات برآمد

پاک بحریہ کی کارروائی، کشتی سے دوران تلاشی بھاری مقدار میں منشیات برآمد
March 7, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاک بحریہ کے جہاز نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت پر تعیناتی کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات آپریشن کرتے ہوئے منشیات کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔

پاک بحریہ کے جہاز نے میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کرتے ہوئے سمندر میں ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا۔ کشتی کی تلاشی لینے پر پاک بحریہ کے جوانوں نے 280 کلو گرام منشیات (کرسٹل اور آئس) قبضے میں لے لی جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کا تخمینہ تقریبا 15 ملین امریکی ڈالر ہے۔

قبضے میں لی گئی کشتی اور سمگلرز کو مزید قانونی کارروائی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

پاک بحریہ کے جہاز کا کامیاب انسداد منشیات آپریشن ملکی سمندری سرحدوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔