Saturday, May 18, 2024

پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوز کا عالمی سمندروں میں تعیناتی کے دوران عمان کا دورہ

پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوز کا عالمی سمندروں میں تعیناتی کے دوران عمان کا دورہ
January 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے جہازوں راہ نورد اور مددگار اور آبدوز حمزہ نے عالمی سمندروں میں تعیناتی کے دوران عمان کی بندرگاہ سلطان بِن قابوس کا دورہ کیا۔

بندرگاہ آمد پر، عمان میں تعینات پاکستان کے دفاعی اتاشی اور عمانی بحریہ کے اعلی حکام نے پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اور مشن کمانڈر نے عمان کے چیف آف سلطان آرمڈ فورسز اور رائل نیوی عمان کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عمان کی عوام اور بالخصوص عمانی بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ مشن کمانڈر نے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ کمانڈر سید بن سلطان نیول بیس اور رائل نیوی آف عمان کے ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز سے بھی ملاقات کی۔

بندرگاہ پر قیام کے دوران متعدد دو طرفہ سرگرمیوں بشمول بحری جہازوں اور عسکری تنصیبات کا دورہ کیا گیا۔

دورے کے اختتام پر، پی این ایس راہ نورد اور عمانی بحریہ کے جہاز شباب نے بحری مشق میں شرکت کی۔ اس مشق کے انعقاد سے دونوں بحری افواج کے زیرِ تربیت کیڈٹس کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔

پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ کا باعث بنے گا۔