Sunday, September 8, 2024

پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا انگیج افریقہ پالیسی کے تحت کینیا کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا انگیج افریقہ پالیسی کے تحت کینیا کا دورہ
January 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے افریقی خطے میں عالمی سمندروں میں تعیناتی کے تحت ممباسا، کینیا کا دورہ کیا۔

کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور کینیا بحریہ کے سینئر حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا بندرگاہ آمد پر استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران، مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ کینیا کے کیبنٹ سیکرٹری ڈیفنس اور کینیا نیوی کے ڈپٹی کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے کینیا کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

پاکستان نیوی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 5400 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران کوویڈ 19- ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا۔

نومبر 2021 سے پی این ایس عالمگیر افریقہ کے پانچ ممالک میں 15000 سے زائد مریضوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت علاج اور ادویات فراہم کر چکا ہے۔ پی این ایس عالمگیر کا دورہ حکومت پاکستان کی افریقی ممالک سے متعلق پالیسی کا عکاس ہے جو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور افریقی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔