Friday, April 26, 2024

پاک بحریہ کا مشق سی سپارک 2022 کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ

پاک بحریہ کا مشق سی سپارک 2022 کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ
March 13, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے فائر پاور کے شاندار مظاہرے کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائلوں اور تارپیڈو کی فائرنگ کے ذریعے حربی تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ لائیوویپن فائرنگ کے دوران دیگر مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاک بحریہ کے بحری جہاز، ہوائی جہاز اور آبدوز نے کامیابی سے اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور تیاری کی توثیق کی۔

لائیوویپن فائرنگ کا مظاہرہ پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 22 کے سی فیز کے اختتام پر کیا گیا۔ مشق کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کے آپریشنل منصوبوں اور حربی تیاری کی جانچ اور توثیق تھا۔

اس موقع پر امیر البحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے اس کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کے عزم اور پیشہ وارانہ مہارت کو بھی سراہا۔

سربراہ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک بحریہ جنگ کے تمام شعبوں میں ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بحری جہاز، آبدوز اور ہوائی جہاز سے لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔