Thursday, April 18, 2024

بھارتی جارحیت کا ہر جگہ پر جواب دینے کیلئے تیار ہیں : ترجمان پاک فوج

بھارتی جارحیت کا ہر جگہ پر جواب دینے کیلئے تیار ہیں : ترجمان پاک فوج
October 1, 2016
باغ (92نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایسا جواب دیں گے کہ وہ آئندہ اس قسم کی غلطی کا سوچے گا بھی نہیں۔ ایل او سی میں سیزفائرکی خلاف ورزی پر بھارت کا جانی نقصان ہوا مگر معلوم نہیں بھارت کیوں چھپا رہا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرایا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے باغ سر کے علاقے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھرپور طریقے سے جواب دیا گیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا جانی نقصان بھی ہوا لیکن معلوم نہیں کہ بھارت اپنا نقصان کیوں چھپا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا ہر جگہ پر جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کو ایسا جواب دیں گے کہ آئندہ وہ اس قسم کی غلطی کا سوچے گا بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے پہلے بھی وطن عزیز کا دفاع کیا اور اب بھی کرے گی۔ ملک کی خاطر جو کرنا پڑا کریں گے۔ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو عوام اور فوج بھرپور جواب دے گی۔ بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کاکہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیا جس میں ا س کا بھاری جانی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بھارت کی طرف بھی اموات ہوئی ہیںاسی لیے انہوں نے اپنے فوجیوں کی لاشیںاٹھائیں۔ بھارتی حکام اس بات کو کیوں نہیں تسلیم کررہے اسکا جواب تو وہ خود ہی دے سکتے ہیں۔ ہلاکتوں کوچھپانابڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کا دفاع پہلے بھی کیا ہے‘ کوئی بھول میں نہ رہے‘ ملک کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے چھمب سیکٹر پر چار گھنٹے تک فائرنگ کی۔ صبح چار بجے سے آٹھ بجے تک جاری رہنے والی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔ اس سے قبل بدھ کی رات کو بھی بھارتی فورسز نے بھمبر‘ کیل ہاٹ سپرنگ اور لیپہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس سے دو پاکستانی فوجی شہید اور لائن آف کنٹرول سے ملحقہ شہری آبادیوں میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔