Friday, April 19, 2024

خیرپور ٹامیوالی میں بری فوج اور فضائیہ کی رعد البرق مشقیں

خیرپور ٹامیوالی میں بری فوج اور فضائیہ کی رعد البرق مشقیں
November 16, 2016
خیرپور ٹامیوالی (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بہاولپور کے قریب خیرپور ٹامیوالی میں ہونے والی ”رعد البرق“ فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ بھاری آرٹلری، ٹینک اور لڑاکا طیاروں نے مشقوں میں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی طیاروں کی گھن گرج‘ ٹینکوں کی گولہ باری سے سرحد پار دشمن کے دل دہل گئے۔ زمین ہو یا فضا ہر جگہ پاکستان اپنے دفاع کےلئے تیار ہے۔ بری اور فضائی فوج نے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بتا دیا۔ آسمان کا سینہ چیرتے جے ایف سیون ٹین‘ ایف سولہ‘ ایف سیون پی اور گن شپ ہیلی کاپٹرز نے اہداف کو اتنی مہارت سے ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا کہ دشمن کا خون خشک ہو گیا۔ الخالدٹینک‘ اینٹی ٹینک اور ائیر کرافٹ میزائل ہوں یا البراق سب نے دشمن کے ٹینک تباہ کرنے اور میزائل ٹارگٹ کو ہٹ کرنے کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رعد البرق فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ pak army تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل سہیل امان، نیول چیف ایڈمرل ذکاءاللہ‘ وزیردفاع خواجہ آصف‘ اسحٰق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے علاوہ مختلف ملکوں کے سفیر بھی موجود تھے۔ مشقوں کے آغاز سے پہلے کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کسی بھی ایڈونچر کا بھرپور جواب دینے کےلئے تیار ہے۔ رعد البرق مشقیں پاک فوج کی بے مثال صلاحیتوں کی مظہرہیں۔