پاک انگلینڈ سیریز 2022، انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 506 رنز بنا لئے
راولپنڈی (92 نیوز) - پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ مکمل ہو گیا۔ انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 506 رنز بنا لئے۔
17سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے ریکارڈ بک میں نئے ریکارڈز درج کر دیئے۔ انگلش ٹیم نے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن سب سے زیادہ رنز بنانے اور سنچریاں بنانے کا ریکارڈ لگا دیا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کیخلاف 506 رنز بنا کر ٹیسٹ میچ میں پہلے دن سب سے زیادہ رنز بنانے کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے پہلے 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے روز 494 رنز بنائے تھے جبکہ انگلش ٹیم کے چار بیٹرز نے سنچری کر کے بھی ریکارڈ قائم کیا۔
راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انگلش اوپنرز نے پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی دھجیاں بکھیر دیں۔ بین ڈکٹ اور زیک کرالی نے پہلی وکٹ کیلئے 216 گیندوں پر 233 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
انگلینڈ کے زیک کرالی نے 86 گیندوں پر سنچری مکمل کی ، وہ 21 چوکوں کے ساتھ 111 گیندوں پر 122 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کی پاکستان کیخلاف تین اننگز میں دوسری سنچری تھی۔
انگلینڈ کے بین ڈکٹ 110 گیندوں پر 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 15 چوکے شامل تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے میچ کے دوسرے سیشن میں بھی رنز کا ڈھیر لگانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انگلش بیٹر اولی پوپ نے 90 گیندوں پر سنچری مکمل کی، وہ 104 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلش بیٹر ہیری بروک 81 گیندوں پر 101 رنز بنا کر جبکہ کپتان بین اسٹوکس 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود نے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا، زاہد محمود نے بین ڈکٹ کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی، جبکہ جو روٹ کی دوسری وکٹ حاصل کی۔
محمد علی نے اولی پاپ اور حارث رؤف نے زیک کرالی کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔