Thursday, April 25, 2024

پاک انگلینڈ پہلا ٹی ٹوئنٹی 20 ستمبر کو ہوگا، دونوں ٹیموں کی نیٹ پریکٹس

پاک انگلینڈ پہلا ٹی ٹوئنٹی 20 ستمبر کو ہوگا، دونوں ٹیموں کی نیٹ پریکٹس
September 17, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ 20 ستمبر کو ہوگا، دونوں ٹیموں نے خوب تیاری کی ہے، شان مسعود کہتے ہیں ہمیں انگلش ٹیم کی طاقت کا علم ہے تو ڈیوڈ ملان نے سیریز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سترہ برس بعد پاک سرزمین پر انگلش ٹیم سے آمنا سامنا ہوگا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں نہایت پرجوش ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی رونقیں عروج پر پہنچ گئیں۔ پاکستان ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے پریس کانفرنس میں کہا انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم بہترین ہے، یہ ایک پرجوش موقع ہے، ان کے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی طاقت کا علم ہے، الیکس ہیلز ،ڈیوڈ ولی سمیت دیگر کھلاڑی پی ایس ایل بھی کھیل چکے ہیں۔

جارح مزاج انگلش اوپنر ڈیوڈ ملان کا کہنا تھا کہ کپتان جوزبٹلر کا ان فٹ ہونا آئیڈیل نہیں لیکن معین علی کیلئے یہ بڑا موقع ہے، ہم یہاں سیریز جیتنے کی غرض سے آئے ہیں۔ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی پر بولے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنا بہترین موقع تھا۔ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ ایک میچ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا سبب بنے گا۔

انگلینڈ اور قومی کرکٹ ٹیم نے آج بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 20 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔