Friday, April 19, 2024

پاک انگلینڈ دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائیگا، غیر معمولی سکیورٹی اقدامات

پاک انگلینڈ دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائیگا، غیر معمولی سکیورٹی اقدامات
September 22, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا معرکہ آج سجے گا۔ شائقین کرکٹ کیلئے غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔ حکام نے سکیورٹی کے حوالے سے نئی حکمت عملی اپنالی ہے، ہلڑ بازی اورمیچ میں رخنہ ڈالنے والوں کیلئے پرزن وینز منگوا لی گئیں، اب جو بھی ہلڑبازی یا داخل اندازی کرے گا وہ سلاخوں سے پیچھے سے ہی میچ دیکھے گا۔

بغیر ٹکٹ میدان پہنچنے والوں کو بھی میچ کے اختتام تک قید رکھا جائے گا۔ سکیورٹی حکام نے قیدیوں کو لے جانے والی پانچ گاڑیاں نیشنل اسٹیڈیم طلب کرلی ہیں۔

میچ کا ٹکٹ اور اصلی شناختی کارڈ رکھنے والے شائقین کو ہی شٹل میں بیٹھنے دیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر رش سے بچنے کیلئے شائقین کو وقت سے پہلے پہنچنے کی آفر دیدی گئی ہے۔