Thursday, April 25, 2024

پاک امریکا تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں، امریکی سینیٹر کرس مرفی

پاک امریکا تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں، امریکی سینیٹر کرس مرفی
May 16, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکی سینیٹر کرس مرفی نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے دیا۔

پاک امریکا سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر سینیٹر کرس مرفی نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں، جن میں اُمید ہے کہ مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینٹ کے نزدیک پاک امریکا تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

امریکی سینیٹر نے مزید کہا کہ یوایس ایڈ کے تحت امریکا نے پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور مشترکہ سکیورٹی منصوبوں کے ضمن میں وسائل مختص کیے۔

دوسری طرف امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سینیٹر کرس مرفی کے حوصلہ افزا بیان کا خیر مقدم کیا اور انہیں امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات کیلئے پاکستان کا وکیل قرار دیا ہے۔

سفیر مسعود خان نے کہا کہ سینٹر مرفی نے درست کہا کہ پاک امریکا تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں اور پائیدار ہیں۔ معاشی عنصر کو محور بناتے ہوئے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔