Thursday, April 25, 2024

پاک آسٹریلیا پہلا ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی

پاک آسٹریلیا پہلا ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی
March 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاک آسٹریلیا پہلے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کا مایوس کن آغاز ہوا۔ آسٹریلیا نے 88 رنز سے شکست دے دی۔

کینگروز نے پہلے ون ڈے میں شاہینوں کا شکار کر لیا۔ امام الحق کی سنچری بھی قومی ٹیم کو جیت نہ دلا سکی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔

314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور 24 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان  بابر اعظم اور امام الحق نے  محتاط بیٹنگ  کرتے ہوئے 96 رنز کی پارٹنر شپ کرتے ہوئے  ٹیم کی  پوزیشن مستحکم بنا دی ۔ کپتان  بابر اعظم 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر  گرین  شرٹس مشکلات کا  شکار ہو گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ   جاری رہا ۔ امام الحق  نے آسٹریلوی  باؤلر کے سامنے مزاحمت جاری  رکھی اور 92 گیندوں پر  شاندار  سنچری اسکور کی۔ امام الحق نے ون ڈے کیرئیر کی 8 ویں سنچری بنائی۔ امام الحق نے 103 رنز  کی اننگز کھیلی۔

امام الحق کے آؤٹ  ہونے پر کوئی پاکستانی  بلے باز  کریز پر   جم کر نہ کھیل سکا اور پوری پاکستانی ٹیم 225 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ ٹریوس ہیڈ نے 101اور  بین میکڈرمٹ نے 55 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد  محمود اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کو  تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔