Saturday, May 4, 2024

پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے مزید 36 افراد کو بچالیا

پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے مزید 36 افراد کو بچالیا
September 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروئیاں جاری ہیں، پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے مزید 36 افراد کو بچالیا، اب تک 6 ہزار 855 ٹن خوراک اور ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔

سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے مسلح افواج عوام کے شانہ بشانہ ہے، نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے محصور افراد کو نکالنے کے لیے 489 پروازیں کیں۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 460 سیلاب میں محصور افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ دو خیمہ بستیاں بھی قائم کیں، جہاں 9 ہزار 461 افراد رہائش پذیر ہیں۔ پاک بحریہ کے زیر انتظام قائم 57 میڈیکل کیمپس میں 41 ہزار 738 مریضوں کا علاج کیا گیا۔

این ایف آر سی سی کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیاروں، ہیلی کاپٹرز نے 1521 افراد کو بچایا۔ پاک فضائیہ نے 4 ہزار 800 خیمے، 2 لاکھ 65 ہزار 306 فوڈ پیکٹ جبکہ 2 ہزار 594 ٹن راشن تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے 19 خیمہ بستیاں اور 53 ریلیف کیمپس قائم کیے۔