Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی توڑنے اور میری نااہلی کا منصوبہ بن چکا ہے، عمران خان

پی ٹی آئی توڑنے اور میری نااہلی کا منصوبہ بن چکا ہے، عمران خان
August 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو توڑنے اور میری نااہلی کا منصوبہ بن چکا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دوبارہ لانے کی گیم ہورہی ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ کیس پر انہیں نااہل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی کوشش کررہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سازش کی جارہی ہے سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑایا جائے، میر جعفر اور میر صادق نے مل کر بیرونی سازش کامیاب کرائی، سازش کے دوسرے حصے میں ان کی کردار کشی ہوگی۔

پی ٹی آئی چئیرمین کا کہناتھا کہ شہباز گل نے جو کہا اگر خلاف قانون تھا تو صفائی کا موقع دینا چاہیے۔ مگر اس کو اٹھالیا گیا، ڈرائیور پر تشدد کیا گیا، نوازشریف، مریم، آصف زرداری سمیت ان ۔ سب نے فوج کے خلاف بیانات دیئے

عمران خان نے کہا بیرونی سازش کے تحت میرصادق اور میرجعفر نے حکومت گرائی، ڈس انفارمیشن لیب میں 800فیک سائٹس تھیں پراپیگنڈہ کررہی تھیں، کوشش کی جارہی ہے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑایا جائے، یہ سازش وہ لوگ کررہے ہیں جو بیرونی سازش کا حصہ ہیں۔

اُنہوں نے کہا میں نہیں جانتا پاکستانی فضا استعمال ہوئی ہے یا نہیں، عالمی میڈیا یہی کہہ رہا ہے کہ کوئی ڈیل ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی فضا استعمال ہوئی، افغان جہاد سے پہلے پاکستان کچھ اور تھا، افغان جہاد کے بعد پاکستان بدل چکا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تمام جماعتوں نے ملکر ضمنی الیکشن لڑا اور ہارگئے اب انہوں نے تحریک انصاف کو توڑنے کا مکمل منصوبہ بنا رکھا ہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا ہمارے پاس اسٹریٹ پاور ہے، ہم سارے ملک کو بند کرسکتے ہیں، یہ الیکشن سے قبل ہمیں کمزور کردینا چاہتے ہیں، اس مشکل سے نکلنے کا واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔