Friday, May 20, 2022

پی ٹی آئی عوامی رابطہ مہم کا شیڈول جاری، ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل

پی ٹی آئی عوامی رابطہ مہم کا شیڈول جاری، ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل
May 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ مختلف شہروں میں ہونے والے جلسوں کے لیے مقامی قیادت کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، آزادی مارچ کے لیے بھی ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسرت جمشید چیمہ کہتے ہیں عمران خان عید کے بعد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرینگے، عوامی مہم کے تحت 6مئی کو میانوالی میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس کیلئے سبطین خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

 10 مئی کو جہلم میں جلسہ منعقد کیا جائے گا اور اس کی ذمہ داری فواد چودھری کو سونپی گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر 12 مئی کو اٹک میں جلسہ ہوگا اور فوکل پرسن طارق صدیق کو مقرر کیا گیا ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کے مطابق 14 مئی کو سیالکوٹ میں جلسے کا اہتمام کا جائے گا جس کے انتظامات عثمان ڈار کریں گے، عمران خان 15 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ کرینگے جس کے لیے لطیف نذر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ 19 مئی کو چکوال میں ہونے جلسے کہ ذمہ داری راجہ یاسر ہمایوں کے پاس ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی آزادی مارچ کے حوالے سے آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود کنوینئر جبکہ راجہ یاسر ہمایوں ڈپٹی کنوینئر ہوں گے۔

ادھر عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کے خلاف لبرٹی گول چکر پر آج احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔