اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی نے لیٹرگیٹ کی تحقیقات کا مجوزہ حکومتی انکوائری کمیشن مسترد کر دیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ تحریک انصاف صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔
فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے۔ حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟
فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہو گا۔