Friday, March 29, 2024

پی ٹی آئی نے فنڈنگ کی تمام تفصیلات اسکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائیں، وکیل انور منصور

پی ٹی آئی نے فنڈنگ کی تمام تفصیلات اسکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائیں، وکیل انور منصور
May 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کی سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے دلائل دئیے کہ پی ٹی آئی نے فنڈنگ کی تمام تفصیلات اسکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل انورمنصور نے دلائل میں بتایا کہ  سال 2010 میں پی ٹی آئی امریکہ میں رجسٹرڈ ہوئی۔ ممبر ناصر درانی نے استفسار کیا کہ  فنڈنگ کے ذرائع کیا تھے؟  اس پر وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ ذاتی حیثیت میں فنڈنگ لی گئی۔ غلطیوں کی نشان دہی کے بعد ذمہ داروں کو وارننگ لیٹر بھی دیے گئے۔  احسن اینڈ احسن چارٹرڈ اکاونٹ کمپنی کو پی ٹی آئی نے ٹاسک دیا۔

انور منصور نے مزید بتایا کہ احسن اینڈ احسن ریگولر آڈیٹر نہیں تھے۔ ان کی رپورٹ کو پی ٹی آئی کا آڈٹ تصور نہیں کیا جا سکتا۔ فارا کے پاس پارٹی ایجنٹ کی کلیکشن کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ ایجنٹ فنڈنگ بھیجنے میں کچھ گڑ بڑ کرتا ہے تو پارٹی اس کی ذمہ دار نہیں۔

ممبر ناصر درانی نے کہا کہ ایجنٹس نے گڑبڑ کی تو پارٹی نے کیا کاروائی کی؟ اس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا ایجنٹ کو پارٹی نے ہٹا دیا لیکن کاروائی نہیں کی ۔ میں غلط ثابت کرنا ہے تو ریکارڈ الیکشن کمیشن پیش کرنا ہو گا۔ سکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ میں مبہم بیانات دیے۔

فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے  گفتگو میں کہا کہ امید ہے کیس کا فیصلہ جلد محفوظ ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن کل پھر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گا۔