Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی مارچ میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ، شاہ محمود سمیت 38 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

پی ٹی آئی مارچ میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ، شاہ محمود سمیت 38 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع
June 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پی ٹی آئی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی سمیت 38 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف مارچ کے دوران توڑپھوڑ اور ہنگامہ آرائی کیس میں ملزمان کی عبوری ضمانت سے متعلق سماعت کی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، علی محمد خان، شہریار آفریدی اور زرتاج گل سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر واجد منیر نے بتایا کہ ابھی تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہمارے رہنماء تھانوں میں گئے لیکن جواب ملا، صاحب موجود نہیں ہیں، اس پرعدالت نے پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت ہی میں سب کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

شیریں مزاری، زرتاج گل اور عمران اسماعیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائرکیں، بعد میں سماعت 20 جون تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔