Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو جلسوں کیلئے استعمال کررہی ہے، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو جلسوں کیلئے استعمال کررہی ہے، مریم اورنگزیب
May 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر سوال اٹھا دیئے۔ کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو جلسوں کیلئے استعمال کررہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نالائق ٹولے نے معیشت اور خارجہ پالیسی کو تبا ہ کردیا۔ عمران خان اپنی نااہلی کا جواب دینے کے بجائے چار ہفتے کی حکومت سے جواب مانگ رہے ہیں۔ عوام جھوٹ سُن سُن کرے تھک گئے ہیں مگر یہ جھوٹ بول بول کر نہیں تھک رہے۔

مریم اورنگزیب بولیں کہ عمران خان نے آئین اور پارلیمان پر حملہ کیا، تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو جلسوں کیلئے استعمال کررہی ہے۔ 9 سال سے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالا لگا ہوا ہے، پی ٹی آئی نے میڈیا کا استحصال کیا، عمران خان نے اعتراف کیا کہ وہ نیب کو استعمال کرتے رہے۔ آپ کس حیثیت سے ہیلی کاپٹر استعمال کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈی سی سیالکوٹ کی جانب سے بار بار یہ بات بتائی گئی کہ مسیحی برادری کی یہ عبادت کی جگہ ہے، مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پی ٹی آئی نے دھمکیوں اور غنڈہ گردی کا رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ ان کی نفرت انگیز تقاریر کا ڈائریکٹ فائدہ ہمیں ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج جو مہنگائی ہے اس کا ذمہ دار عمران خان ہے، تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام کو تحفظ دینا بطور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی ذمہ داری ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اداروں کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کے منصوبوں پر تختیاں لگائیں، حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بجلی کی قیمت 11 روپے سے 24 روپے تک پہنچا دی۔