Thursday, March 28, 2024

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا این اوسی مل گیا

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا این اوسی مل گیا
July 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت کا این اوسی ملنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔ عدالت نے کہا کہ پُرامن جلسہ آپ کا بنیادی حق ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ رات اسلام آباد انتظامیہ نے اس عدالت کے نوٹس پر پریڈ گراؤنڈ جلسے کی اجازت دے دی اور این اوسی بھی جاری کردیا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے چار صفحات پر مشتمل تفصیلی پابندیاں لگائیں۔ ایک شرط لگائی گئی کہ پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کے لیے جی ایچ کیو سے اجازت لیں، ہم جلسے کی اجازت کے لیے جی ایچ کیو سے رابطہ کررہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا پرامن جلسہ آپ کا بنیادی حق ہے۔

سماعت کے میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا رات کو پھر عوام کی جیب کاٹی گئی، حکومت نے 14 روپے کا استرا عوام کی جیب پرمارا ہے۔

بابراعوان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، چور اور ڈاکووں پر ٹیکس نہیں لگا، تحریک انصاف حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔