Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی کے تمام ڈونرز پاکستانی ہیں، تمام ریکارڈ جمع کرایا، وکیل انور منصور

پی ٹی آئی کے تمام ڈونرز پاکستانی ہیں، تمام ریکارڈ جمع کرایا، وکیل انور منصور
May 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت میں تحریک انصاف کے وکیل انورمنصور نے دلائل میں کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ڈونرز پاکستانی ہیں، تمام ریکارڈ جمع کرایا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے  پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کیس کی  سماعت  کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل  انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی نے ایک اکائونٹ پر سنگین اعتراضات عائد کیے۔ پی ٹی آئی کے اکائونٹس کے بیلنس کا غلط طریقے سے موازنہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے تمام ڈونرز پاکستانی ہیں جن کے نام  اور تفصیلات  ریکارڈ میں موجود ہیں۔

ممبر  سندھ نثار درانی کے سوال پر انور منصور نے جواب دیا کہ  پی ٹی آئی نے تمام ریکارڈ سکروٹنی کمیٹی کو جمع کرایا جس کو  دیکھا تک نہیں گیا۔ سکروٹنی کمیٹی نے  بغیر  ریکارڈ دیکھے رپورٹ میں  لکھا کہ فنڈز کی تصدیق نہیں ہوئی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی نے افراد کے ناموں سے انکے غیرملکی ہونے کا اندازہ لگایا۔ نام سے کیسے کسی کی شہریت کا تعین کیا جا سکتا ہے؟ اسکروٹنی  کمیٹی کی پوری رپورٹ اندازوں پر مبنی ہے۔ انور منصور نے الیکشن کمیشن سے  پی ٹی  آئی کے پیش کردہ  دستاویزات  درست قرار دیکر  قبول کرنے کی استدعا کی۔ انور منصور نے  کمیشن سے آئندہ سماعت پر  مزید دلائل دینے کی بھی  درخواست کی۔ کیس  کی مزید سماعت  17 مئی کو ہو گی۔