Friday, April 19, 2024

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کا ریفرنس خارج کردیا

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کا ریفرنس خارج کردیا
May 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 20 ارکان قومی اسمبلی نا اہل ہونے سے بچ گئے، الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے منحرف ارکان کےخلاف ریفرنسز خارج کردیئے۔

چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت تین رکنی بینچ نے منحرف ارکان کے خلاف ڈی سیٹ کرنے کے ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سنایا، فیصلہ میں کہا گیا کہ یہ ریفرنسز آئین کے آرٹیکل تریسٹھ اے ون پر پورا نہیں اترتے اور ریفرنسز اس آرٹیکل کے منافی ہے۔ کمیشن نے اراکین کو ڈی  سیٹ کرنے کی درخواستیں خارج کر دیں۔

الیکشن کمیشن نے آج دلائل مکمل ہونے پر ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے 14 اپریل کو نورعالم سمیت 20 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائے تھے، الیکشن کمیشن نے 28 اپریل کو ریفرنسز پر پہلی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن نے ریفرنسز پر چار سماعتیں کے بعد فیصلہ سنایا۔۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ کیا فیصلہ آ رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔ الیکشن کمیشنر کے خلاف بھی سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیاجائےگا۔