Saturday, April 27, 2024

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کیخلاف ریفرنسز، وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھا دیا

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کیخلاف ریفرنسز، وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھا دیا
May 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز میں منحرف رکن نورعالم خان کے وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھا دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ منحرف اراکین نے ثابت کرنا ہے کہ انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں قانونی آئینی بحران چل رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے والے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ سنائے۔ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 13 مئی کو دلائل دینے کا حکم دیدیا۔

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر سماعت کے دوران نور عالم خان کے وکیل نے استدعا کی کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کیا جائے۔ منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ منحرف ارکان کو شوکاز دیکر جوابدہی کا موقع دیا گیا جس منحرف اراکین کے وکیل نے اعتراض اٹھایا۔ کیس کی آئندہ سماعت کل ہو گی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ملیکہ بخاری نے کہا کہ جب ضمیر کی منڈی لگتی ہے تو آئین کہتا ہے ارکان کو ڈی سیٹ کیا جائے۔ منحرف ارکان میں اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ وہ استعفیٰ دیں۔

کنول شوزب  کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس اور فلیٹیز ہوٹل میں میلہ مویشیاں سجا ہوا تھا۔ آدھی رات کو اسمبلیوں میں حکمران نہیں چور آیا کرتے ہیں۔